بھارت کے خلاف پی سی بی کا کیس مضبوط ہی نہیں تھا اسی وجہ سے ہارے، چیئرمین پی سی بی (فوٹو: فائل)
کراچی: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ قانونی طور پر بھارت ہمارے ساتھ کھیلنے کا پابند ہی نہیں تھا ہم بھارت کے خلاف کیس کمزور ہونے کی وجہ سے ہارے۔
پاکستان میں کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ ’’کرکٹ پاکستان‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے احسان مانی نے اعتراف کیا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا کیس مضبوط نہیں تھا، جس کی وجہ سے ہار گئے، معاہدے کے مطابق بھارتی بورڈ قانونی طور پر ہمارے ساتھ کھیلنے کا پابند تھا ہی نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت کے خلاف پاکستان کی ہرجانے کی درخواست مسترد
ایک سوال پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ جب انہوں نے چیئرمین شپ سنبھالی تو کیس واپس لینے کا آپشن نہیں تھا جب کہ بی سی سی آئی میں لوگ چاہتے ہیں کہ پاک بھارت کرکٹ بحال ہو مگر مودی سرکار کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہو پا رہا۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے کرکٹ سیریز نہ کھیلنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی ڈسپیوٹ کمیٹی میں 70 ملین ڈالرز ہرجانے کی درخواست دائر کی تھی جسے کمیٹی نے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس پر فیصلہ حتمی ہے اور کوئی فریق اس پر مزید کارروائی نہیں کرسکتا۔
